پاک ایران تجارتی پروازیں پھر سے شروع ہو رہی ہیں . 07/11/2020
- انجمن روابط پاک ایران
- Mar 22, 2021
- 2 min read
لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے تہران اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کا ماہان ائیر لائن کے ذریعے آغاز ہوگا.
محمد رضا ناظری" نے لاہور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ایران اور پاکستان بالخصوص سرحدی صوبوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کا فروغ ہوگا۔
واضح رہے کہ جولائی مہینے کے دوران، چار میہنے بندش کے بعد کراچی اور تہران کے درمیان پروازوں کا از سر نو آغاز کیا گیا جس کا ایرانی اور پاکستانی شہریوں نے خیر مقدم کیا۔
محمد رضاناظری نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کی تجارتی برادری کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور اس سلسلے میں لاہور میں قائم ایرانی قونصل خانہ اور لاہور کے چیمبر آف کامرس ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں۔
لاہور کے چیمبر آف کامرس کے اراکین نے بھی تہران اور لاہور کے درمیان پروازوں کے از سر نوآغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے باہمی تجارتی تعلقات کی بحالی کا ایک اہم موقع قرار دے دیا۔
اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سربراہ "طارق مصباح" نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دواسازی کی صنعت میں مضبوط صلاحیت موجود ہے جو ایرانی مارکیٹ سے برآمدات بڑھانے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور تجارت کی موجودہ سطح کو بڑھانے کیلئے پاکستان میں ایرانی مالیاتی (بینکاری) اداروں کی سرگرمی ناگزیر ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے نائب سربراہ "ناصر حمید خان" نے بھی ایران اور پاکستان کے مابین بینکاری چینل کے فقدان کو دوطرفہ تجارت کی سطح میں کمی کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں، لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے ایک خاص میکنزم تیار کرنا ہوگا۔
Comentarios