انجمن دوستی پاکستان و ایران کے صدر شبیر احمد شگری کا انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کے موقع پر پیغام
- انجمن روابط پاک ایران
- Feb 18, 2022
- 2 min read
انقلاب اسلامی ایران کی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر انجمن دوستی پاکستان و ایران کے صدر شبیر احمد شگری نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میرا دل مسرت سے سرشار ہے کہ ھمارا برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران انقلاب اسلامی ایران کی 43 وی سالگرہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر رہبرمعظم آیت اللہ العظمٰی حضرت سید علی خامنہ ای، صدر ایران سید ابراھیم رییسی اور تمام ملت ایران کو انجمن دوستی پاکستان و ایران کے تمام اراکین کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یقین کریں آپ کی اس خوشی میں پاکستان کی عوام بھی اتنا ہی خوش ہے جتنا کہ ہمارے ایرانی بھائی آج خوش ہیں۔ایک اسلامی جمہوریہ ملت کی حیثیت سے ہمیں فخر ہے کہ ہمارے برادر اسلامی ملک ایران 43 سال انتہائی مشکلات کے ساتھ گزارنے کے باوجود ثابت قدمی کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے رہنے اور اسلام دشمن طاقتوں کے دانت کھٹے کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ اقتصادی پابندیوں اور مشکلات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران نے نہ صرف ایران کو استقامت دی ہے بلکہ عالم اسلام کی مشکلات میں بھی شاہ بہ شانہ کھڑا ہے۔ چاہے وہ کشمیرہوفلسطین،عراق،یمن یا شام، ایران نے شہیدوں کے خون سے عالم اسلام کے گلشن کی آبیاری کی ہے۔ انقلاب اسلامی ایران کے روز اول سے لے کر اب تک کے تمام شہدا کے پاک خون سے گلستان ایران میں بہار قائم ہے۔ھم ان تمام شہدا خصوصا سردار شہید قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
الحمداللہ آج اسلامی جمہوریہ ایران دینی، سیاسی،علمی، سائینس و ٹیکنالوجی اور فرہنگی جیسے تمام میدانوں میں کامیابی کے پنجے گاڑ چکا ہے۔اور میں اسے انقلاب اسلامی کی کامیابی سمجھتا ہوں۔اسکے ساتھ ساتھ میں بالخصوص قونصل جنرل ایران، لاھور محمد رضا ناظری کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ آپ سفارتی معاملات کے فرائض کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم اور عوام کومزیدقریب لانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔میں وطن عزیزپاکستان اوربرادر اور ھمسایہ ملک ایران کی پائیدار دوستی کے لئے دعاگو ہوں.
شبیر احمد شگری

Comments